اسلام آباد (راجہ مہتاب اشرف سے )دھیرکوٹ پریمیئر لیگ ( ڈی پی ایل ) کے سیزن 2 کا آغاز پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں ہو گیا ہے، ’ڈی پی ایل‘ کے اس سیزن کو مشہور و معروف سماجی کارکن نثار صابر کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ڈی پی ایل سیزن 2 کا آغاز گزشتہ روز اسلام آباد میں ہوا، افتتاحی تقریب کے موقع پر ان کےلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں علماء اکرام نے قرآن خوانی کی اور ان کے بلندی درجات کےلئے دعا کی۔اس موقع پر تعزیتی ریفرنس کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی صدارت سابق امیدوار اسمبلی حلقہ غربی باغ راجہ خالد محمود خان نے کی۔جبکہ تقریب سے پروفیسر صغیر قمر، چیئرمین رحمہ اسلامیک فاؤنڈیشن پاکستان، پریس کلب اسلام آباد کے سینئر رکن سردار عابد عباسی،اس کے علاؤہ سردار صابر نذیر، راجہ جاوید خان نتھگراں، سردار امتیاز عباسی،راجہ ندیم صباء اور دیگر نے اظہار خیال کیا۔ اس تقریب کی میزبانی چیئرمین DPL راجہ مہتاب اشرف خان نے کی جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ٹورنامنٹ کمیٹی کے سیکرٹری راجہ فہیم اکرم خان نے کی۔
اس موقع پر نثار احمد صابر کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ان کے آزاد کشمیر پاکستان میں سماجی شبعے میں جو ان کی خدمات ہیں ان کو جاری رکھنے کا عزم کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ نثار صابر ریاست جموں و کشمیر کی دھرتی کا عظیم سرمایہ تھا، ان کے انتقال سے بہت بہت بڑا خلا پیدا ہوا اور اس خلا کو کسی طرح سے پر نہیں کیا جاسکے گا۔ انھوں نے اس موقع پر چیئرمین ٹورنامنٹ کمیٹی DPL سیزن 2 مہتاب اشرف خان اور راجہ فہیم اکرم، سردار عمران چغتائی، فرید جمال، سعود مجید اور صابر نذیر اور دیگر کو بھی زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا جنھوں نے اس ٹورنامنٹ کے لیے مشاورت کی اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔
ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں اور آزاد کشمیر کے نامور کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا تعلق تحصیل دھیرکوٹ باغ سے ہے۔گزشتہ روز نثار صابر میموریل ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے نثار صابر مرحوم کے لیے دعائیہ تقریب ہوئی اور ٹرافی کی نمائش کی گئی، ناک آؤٹ سسٹم کے تحت کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز 8 میچز کھیلے گئے جب کہ ہفتہ کو سیمی فائنل اور فائنل کھیلا گیا۔ٹورنامنٹ میں مختلف سیاسی، سماجی کارکنوں کے علاوں سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی، اچھی کارکردگی دکھانے والے افراد میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
دھیرکوٹ پریمیئر لیگ (ڈی پی ایل) کے چیئرمین راجہ مہتاب اشرف نے ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ مشہور اور معروف سماجی کارکن نثار صابر مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منقعد کیا جا رہا ہے، ہم اس ٹورنامنٹ کے ذریعے نوجوانوں کو ایک صحت مند سرگرمی بھی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم پاکستان کے دارلحکومت اسلام آباد میں نوجوانوں کو ایک صحت مند سرگرمی فراہم کرنے کے علاوہ انہیں نثارصابر کی زندگی سے بھی روشناس کروا رہے ہیں، جنہوں نے اپنی ساری زندگی انسانیت کی خدمت اور بھلائی کے لیے کام کیا، وہ ہمارے آج کے معاشرے کے نوجوانوں کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں۔