فزکس میں قومی ڈاکومنٹری مقابلہ،جامعہ پونچھ کی طالبات نے بازی مار لی

33

راولاکوٹ(سٹیٹ ویوز)جامعہ پونچھ راولاکوٹ کے شعبہ فزکس ”بی ایس“کے دو طالبات نے ”پارٹیکل فزکس اور اٹلس ایکسپریمنٹ“  (Particle Physics and about ATLAS Experiment) پر ڈاکومنٹری ویڈیو کے کل پاکستان مقابلے میں دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔شعبہ فزکس سے متعلق قومی مقابلے کا انعقاد کنیڈین اور امریکی جامعات سمن فراسر(Simon Fraser) یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ڈلویئر(Delaware)اور جامعہ کراچی کے باہمی اشتراک سے کیا گیا تھا۔

پوزیشن حاصل کرنے والی دونوں طالبات مقدس امتیاز اور الشبہ زرین کومنتظمین کی جانب سے نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا گیا۔چیئرمین شعبہ فزکس ڈاکٹر میاں عاکف سفین نے ڈاکومنٹری کی تیاری میں طالبات کی رہنمائی کی۔طالبات کی اس کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذکریا ذاکر (پرائیڈ آف پرفارمنس)اور ڈین فیکلٹی آف بیسک سائنسزورجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عبدالرؤف خان نے طالبات کو مبارکباد دی۔

وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ پونچھ کے طلبہ کی ملک بھر میں قومی سطح کے مقابلوں میں نمایاں کامیابی ہمارے اعلیٰ تعلیمی معیار کا ثبوت ہے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا فوکس جامعہ میں جدید تعلیم کے ساتھ ٹیکنالوجی کا فروغ ہے جس کے نتائج طلبہ کی مختلف شعبوں میں کارکردگی کی صورت ہمارے سامنے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں