عدم اعتماد کی بازگشت، محکمہ تعلقات عامہ آزادکشمیر نے حکومتی سرگرمیوں کی کوریج محدود کر دی

88

مظفرآباد( سٹیٹ ویوز)وزیراعظم چوہدری انوارالحق کیخلاف عدم اعتماد کی بازگشت محکمہ تعلقات عامہ آزادکشمیر نے حکومتی سرگرمیوں کی کوریج محدود کر دی۔محکمہ تعلقات عامہ آزادکشمیر اہم ترین قومی دن یوم یکجہتی کی مناسبت سے حکومتی کوریج میں مکمل طور پر ناکام.آزادکشمیر حکومت کی سرگرمیوں کو عامتہ الناس تک ابلاغ عامہ کے ذریعے پہنچانے کیلئے کروڑوں روپے کا بجٹ رکھنے والے ادارے محکمہ تعلقات عامہ آزادکشمیر نے اہم ترین قومی دن یوم یکجہتی کی مناسبت سے حکومتی شخصیات بالخصوص صدر اور وزیراعظم کے ویڈیو بیانات تک ابلاغ عامہ کے اداروں کو جاری نہیں کئے۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک غیر معروف پیج تک ہی وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کے پیغام کو محدود رکھا گیا۔جبکہ اس اہم موقع پر سپیکر اسمبلی سمیت اعلی عدلیہ کے اہم پیغامات ابلاغ کے اداروں کو جاری نہیں کیے گئے۔سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق وزیراعظم چوہدری انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے امکانات کے بعد محکمہ تعلقات عامہ نے وزیراعظم اور حکومتی شخصیات کی میڈیا کوریج سے ہاتھ کھینچ لیا ہے۔

محکمہ اطلاعات میں ایک موجودہ ناظم کی تعیناتی کے بعد سے محکمہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔جبکہ محکمہ کی اپنی سرگرمیاں ریکارڈ کرنے،انکے ایڈیٹ کرنے کا ٹھیکہ بھی بدوں استحقاق ایک نجی کمپنی سے کر رکھا ہے۔محکمہ کے پاس اسوقت اپنا سٹاف،سٹوڈیو،اور سازو سامان موجود ہے لیکن اسکے باوجود ایک پرائیوٹ فرم سے بدوں استحقاق ٹیکنیکل کام کروانے کا معائدہ کرنا قانونی طور پر ممکن نہیں۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ آزادکشمیر کا بنیادی کردار صحافیوں،صحافتی اداروں اور حکومت کے درمیان پل کا ہے لیکن سابقہ و موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر اور صحافیوں کے درمیان محکمہ اطلاعات ایک پل کی بجائے تنازعات بنانے کا کردار ادا کر رہا ہے۔اسی محکمہ اطلاعات کے نوٹفیکشن پر عمل نا کروانے کے خلاف اسوقت مظفرآباد کی جملہ صحافتی تنظیمیں دھرنہ پر بیٹھی ہیں۔دھرنہ پر بیٹھے صحافیوں نے وزیراعظم آزادکشمیر کی درخواست پر پانچ فروری یوم یکجہتی کے موقع پر دھرنہ موخر کیا ہے۔جبکہ صحافیوں کی جانب سے بارہا وزیراعظم آزادکشمیر کو محکمہ اطلاعات کے غیر قانونی اقدامات پر درخواستیں بھی دی گئی ہیں جن میں ریکارڈ کی فراہمی کا مطالبہ سر فہرست ہے لیکن تاحال وزیراعظم آزادکشمیر کے واضح احکامات کے باوجود بھی ناظم اطلاعات نے صحافیوں کو ریکارڈ فراہم نہیں کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں