اسلام آباد(کاشف میر، سٹیٹ ویوز)آزادجموں کشمیر قانون اسمبلی کے دو منتخب ممبران اسمبلی صاحبزادہ حافظ حامد رضا اور وزیر حکومت اکمل سرگالہ بھی قومی و صوبائی اسمبلی کا انتخاب جیت گئے۔
صاحبزادہ حافظ حامد رضا نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 104 سے پی ٹی آئی کی سپورٹ سے الیکشن جیتا ہے جبکہ اکمل سرگالہ نے ناروال دو سے صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر الیکشن جیتا ہے۔
قانونی و آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر میں کوئی ایسا قانون موجود نہیں ہے کہ اس اسمبلی کا ممبر کسی دوسری اسمبلی کا رکن منتخب نہیں ہو سکتا تاہم یہ اخلاقی تقاضا ضرور ہے کہ کسی ایک سیاسی جماعت کے ٹکٹ سے الیکشن جیت کر ممبر اسمبلی منتخب ہونے والا کسی دوسری جماعت کے ٹکٹ سے دوسری اسمبلی کا ٹکٹ حاصل کرے۔
یاد رہے کہ دونوں ممبران اسمبلی مہاجرین مقیم پاکستان کی سیٹوں پر آزادجموں کشمیر کے الیکشن 2021 میں جیتے تھے۔ دونوں ممبران نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا اور وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی اور وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کی حکومتوں میں وزیر رہے ہیں۔
چوہدری انوار الحق کی پی ٹی آئی فاروڈ بلاک اور پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت کے دوران اکمل سرگالہ وزیر جنگلات ہیں جبکہ حافظ حامد رضا پی ٹی آئی ممبران کے ساتھ اپوزیشن کی سیٹوں پر بیٹھتے ہیں۔