ہجیرہ (نمائندہ خصوصی) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن محنت کش خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہجیرہ میں سیمینار کا انعقاد کرے گی. 8 مارچ کو ریسٹ ہاؤس ہجیرہ میں منعقد ہونے والےسیمینار میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی و ضلعی عہدیداروں کے علاوہ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد شرکت کرے گی. میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے این ایس ایف کے رہنماؤں سمیہ بتول، عاصمہ بتول، کبری یوسف ،اقصی اسحاق،سیف اللہ،بلال ،سردار اوزیر اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ یوم خواتین محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کا عالمی دن ہےلیکن یہاں دو طرح کی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔
ایک طرف سرمایہ داروں اور امیر طبقات کی خواتین، لبرل اور فیمینسٹ حکومتی اور ریاستی آشیرباد کے ذریعے تقاریب کا انعقاد کر کے اس دن کی اہمیت کو مسخ کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور دوسری طرف محنت کش طبقہ کی نمائندہ تنظیمیں اس دن تقاریب منعقد کر کے حقیقی تاریخی پیرائے میں اس عالمی دن پر جدوجہد کو منظم کرتی ہیں۔ محنت کش خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہجیرہ میں منعقد ہونے والا سیمینار پاکستانی زیر انتظام جموں کشمیر میں جاری تحریک میں خواتین کے بہترین کردار کو سراہتے ہوئے تحریک میں خواتین کی شمولیت کی اہمیت و افادیت اور ضرورت کو واضح کرنے کا سبب بنے گا۔
جس طرح سے پورے خطے میں خواتین نے تحریک میں کردار ادا کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ ایک طرف خواتین کے لیے جدوجہد کی نئی راہیں ہموار ہوئی ہیں تو دوسری طرف بنیاد پرست اور فرسودہ روایات کے حواریوں کے لیے درد سر بھی بنا ہے۔ ہم محنت کش خواتین، طلباء و طالبات کو شرکت کی دعوت دیتے ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی تحریک خواتین کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی۔ آئیے مل کر اس نظام کو بدلنے کے لیے جدوجہد کریں جس نے نہ صرف خواتین بلکہ پوری نسل انسانی کو برباد کر دیا ہے۔