اسلام آباد (سٹیٹ ویوز)ہمدرد یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس میں جمعہ کے روز 17ہویں تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب بلیغ الرحمن تھے۔ ہمدرد یونیورسٹی کی تقریب تقسیم اسناد میں چانسلر سعدیہ راشد، وائس چانسلر پروفریسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن اور ڈائریکٹر جنرل امتیاز حیدر کے علاوہ سینئر فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن کا تقریب سے خطاب۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ ہمیں شہید حکیم محمد سعید کی جستجو اور کاوشوں کو یاد رکھنا چاہیے، وہ ایک معروف اسکالر، ادیب، دانشور، انسان دوست اور جدت پسند شخصیت تھے جنہوں نے لائبریری ایسوسی ایشن آف پاکستان کی بھی بنیاد رکھی۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے شہید حکیم محمد سعید اور ان کے خاندان کی بے مثال خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید کا خاندان گزشتہ سو سال سے تعلیم، سائنس اور صحت کے شعبہ جات میں شاندار خدمات سر انجام دے رہا ہے، جن کی بدولت ہمدرد دواخانہ، ہمدرد فانڈیشن اور ہمدرد یونیورسٹی جیسے ادارے قائم ہوئے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ ہمدرد یونیورسٹی نے پاکستان کے بچوں اور نوجوانوں کو مختلف مثبت سرگرمیوں کی ترغیب دی جس سے ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شہید حکیم محمد سعید کا قول ہے کہ ایک ناخواندہ قوم کبھی اپنا سربلند نہیں رکھ سکتی۔گورنر پنجاب نے فارغ التحصیل طلبہ کو ان کی ڈگریوں کی تکمیل پر مبارکباد دی اور مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے اس سفر نے طلبہ کو صبر اور دانشمندی کے ساتھ زندگی کے چلینجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار کیا ہے۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے طلبہ کو مستقبل میں امید اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کی تاکید کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناں کا اظہار کیا۔ انہوں نے تقریب تقسیم اسناد میں مدعو کرنے پر چانسلر ہمدرد یونیورسٹی سعدیہ راشد کا شکریہ بھی ادا کیا۔ہمدرد یونیورسٹی کی چانسلر سعدیہ راشد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن گریجویٹس کے لیے ہی نہیں بلکہ ان کے والدین اور سرپرستوں کے لیے بھی تشکر اور خوشی کا دن ہے، جنہوں نے ان طلبہ کو کامیابی کے اس سنگ میل تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمدرد یونیورسٹی کے اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے نہایت محنت اور جانفشانی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کیں اور طلبہ کی کامیابی میں اہم ترین کردار ادا کیا۔چانسلر سعدیہ راشد نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کے مقروض ہیں جنہوں نے انہیں کامیابی کی اس اہم موڑ تک انہیں پہنچانے میں مدد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس دنیا اور اس ملک میں ایسے کتنے ہی افراد ہیں جو پرائمری تک بھی تعلیم حاصل نہیں کر پاتے۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کا تعلق اس ملک کی اس اقلیت سے ہے جو اعلی تعلیم حاصل کرتی ہے۔چانسلر ہمدرد یونیورسٹی نے کہا کہ ہمدرد یونیورسٹی کے بانی حکیم حافظ عبدالمجید اور ان کے صاحبزادے شہید حکیم محمد سعید کی شخصیات اور ان کی خدمات سے وہ بے حد متاثر ہیں جو اللہ کی رضا کے لیے اس کی مخلوق کی خدمت کرنے کے غیر متزلزل عزم پر کاربند رہے اور اس مشن میں نہایت بلند مقام حاصل کیا۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ زندگی کے ایسے اہم مواقع پر گھبراہٹ محسوس کرنا ایک فطری عمل ہے لیکن ہمیں خوف کا شکار نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہمیں خود پر اور اللہ پر یقین رکھنا چاہیے، اگر ہم اپنی کوشش اور جستجو کے اصول پر قائم رہیں تو کامیابی ہمارے قدم چومتی ہے۔
انہوں نے طلبہ کو خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی اور کہا کہ وہ ان کی کامیابی اور روشن مستقبل کے لیے ہمیشہ دعاگو رہیں گی۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن کا تقریب سے خطاب،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ہمدرد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سید شبیب الحسن نے کہا کہ آج ہمدرد یونیورسٹی کے ان طلبہ کو ڈگریاں دینے کی تقریب منعقد کی جا رہی ہے جو خود اعتمادی کے احساس اور معاشرے کی خدمت کے عزم کے ساتھ عملی زندگی میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔ڈاکٹر سید شبیب الحسن نے کہا کہ آج ان طلبہ نے جو کامیابی سمیٹی ہے وہ ہمدرد یونیورسٹی کے بانی شہید حکیم محمد سعید کے وژن کا ہی نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمدرد یونیورسٹی نجی شعبے کی سب سے بڑی اور چارٹرڈ یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے جو شعبہ تدریس اور تحقیق میں بین الاقوامی معیار کے حصول اور طلبہ کو پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت کی فراہمی میں کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمدرد یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس تعلیمی شعبہ میں سائنسی بنیادوں پر ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل، ان کی ٹیم اور فکیلٹی ممبران بھرپور لگن اور محنت سے تعلیم کے فروغ میں مصروف عمل ہیں اور تعلیمی ٹائم لائنز، اہم بین الاقوامی روابط کی ترقی، پروگراموں کی ایکریڈیٹیشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے معیار پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے تمام فارغ التحصیل طلبہ، والدین، تمام شعبہ جات کے سربراہان اور فیکلٹی ممبران کو ان کی بے پناہ کوششوں اور شاندار پیشہ ورانہ خدمات پر سراہا اور طلبہ کو ان کی کامیابیوں پر مبارکباد پیش کی۔ڈائریکٹر جنرل امتیاز احمد کا تقریب سے خطاب
ہمدرد یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل امتیاز احمد نے تقریب میں سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کیمپس سے آج 273 طلبہ کو ڈگریاں دی جا رہی ہیں۔ ان میں 63 ڈگریاں فیکلٹی آف مینیجمنٹ سائنسز، 83 ڈگریاں فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، 116 ڈگریاں فکیلٹی آف فارمیسی جبکہ فیکلٹی آف سوشل سائنسز کی 11 ڈاگریاں دی جا رہی ہیں۔ ان میں 216 ڈگریاں انڈر گریجویٹس، 53 گریجویٹس اور 4 پوسٹ گریجویٹس کی ڈگریاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2019 میں تین فکیلٹیز سے لے کر اب تک طلبہ کی تعداد میں ناقابل یقین حد تک اضافہ ہوا ہے۔ اس وقت یونیورسٹی کی پانچ فکلیٹیز مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ دو نئی فکلیٹیز ایف ای ایم اور ڈی پی ٹی بھی طلبہ کی تعلیم و تربیت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 سے یونیورسٹی کی فکیلٹیز میں نئے پروگرامز متعارف کرائے گئے ہیں اور اس وقت یونیورسٹی کی کل پانچ فکیلٹیز میں 40 مختلف پروگرامز میں تعلیم دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت یونیورسٹی کی پانچ فکیلٹیز میں ملک بھر سے 3000 طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے گریجویشن کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور یونیورسٹی کی فکیلٹی اور عملے کی کوششوں کو سراہا جنہوں نے طلبہ کو کامیابی سے تعلیم مکمل کرنے میں ہر ممکن رہنمائی اور معاونت فراہم کی۔