یو کے پی این پی پنجاب زون کے کنونشن میں زونل تنظیم سازی مکمل کر دی گئی

55

اسلام آباد () یو کے پی این پی پنجاب زون کے کنونشن میں زونل تنظیم سازی مکمل کر دی گئی،ایاز عباسی زونل صدر اور ریحانہ خان جنرل سیکرٹری بن گئیں، دیگر عہدیداروں میں سینئر نائب صدر سردار اویس، نائب صدور سردار ادریس، سردار فہیم، ڈپٹی جنرل سیکریٹری الطاف خان، سیکرٹری اطلاعات عامر مختار، سیکرٹری مالیات توفیق عباسی، چیف آرگنائزر صمصام علی حیدر اور ڈپٹی آرگنائزر چوہدری مدثر شامل ہیں۔

تنظیم سازی کے موقع پر کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمان خصوصی یو کے پی این پی کینیڈا کے رہنما سردار ریاض خان تھے جنھوں نے نو منتخب عہدیداران سے حلف بھی لیا۔ تقریب کی صدارت پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر سردار آفتاب حسین نے کی۔ تقریب سے سابق زونل جنرل سیکرٹری سردار تانیہ، نو منتخب صدر ایاز عباسی اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے پنجاب زون کے سابق عہدیداران سردار راشد، سردار تانیہ اور پوری ٹیم کو بے مثال سیاسی جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔

 

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب زون ہمیشہ سے پارٹی کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ پارٹی ایک مرتبہ پھر مرکزی کنونشن کی جانب جا رہی ہے جس میں ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پنجاب زون کے قائدین کا اہم کردار ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں ضروری ہے کہ یو کے پی این پی جیسے پلیٹ فارم کو مضبوط بنایا جائے تاکہ عوام کے حقوق کی آواز بلند ہو سکے۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی کو گراس روٹ لیول پر مضبوط بنانے کیلئے تنظیم سازی اور کارکنوں کی تربیت سازی کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے اپنے قائد سردار شوکت علی کشمیری کی ولولہ انگیز قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریاست جموں و کشمیر کی تقسیم کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور ریاست کی قومی آزادی خودمختاری اور طبقات سے پاک سماج کے قیام کیلئے ہر محاذ پر جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں