باغ (سٹیٹ ویوز) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے زونل صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا ہے کہ 11مئی کو آزاد کشمیر بھر کے عوام اپنے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے مظفرآباد اسمبلی کی طرف مارچ کرینگے۔باغ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور تنظیمی ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہوئے زونل صدر لبریشن فرنٹ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں بیٹھا ہوا حکمران ٹولہ عوام دشمن، جھوٹا اور بدیانت ہے.
جنہیں ریاست اور اُس کے باشندوں سے کہیں زیادہ اپنا سیاسی و معاشی مفاد عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام گزشتہ گیارہ ماہ سے مسلسل احتجاج پر ہیں اور حکمران ٹولے کی جانب سے متعدد بار مزاکرات اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کو درست قرار دیے جانے کے باوجود جائز مطالبات کو پورا کرنے میں پس و پیش سے کام لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے پرامن سیاسی احتجاج کو تیز کرنا ہو گا اور حکمران ٹولے پر واضح کرنا ہو گا کہ مفت بجلی، اشیائے خوردو نوش بالخصوص آٹے پر سبسڈی کی بحالی اور اشرافیہ کی مراعات کے خاتمے تک احتجاجی تحریک ہر حال میں آگے بڑھے گی۔ زونل صدر نے کہا کہ باغ کے نوجوان 11مئی کے حوالے سے اپنی مہم کو تیز کریں اور عوام بالخصوص نوجوان ایکشن کمیٹیوں کی تشکیل کے ساتھ ساتھ لانگ مارچ میں نوجوانوں کی بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔
ڈاکٹر توقیر گیلانی نے کہا کہ جموں کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نہ صرف عوام کو شعور دیا ہے بلکہ انہوں نے کرپٹ، بے ایمان اور استحصالی ٹولے کا چہرہ بے نقاب کر کے رکھ دیا ہے۔ عوامی تحریک آزاد کشمیر کے عوام کا تاریخی سیاسی اور پرامن احتجاج ہے جس پر آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کا دارو مدار ہے۔صدر لبریشن فرنٹ نے ایکشن کمیٹی باغ کے راہنماؤں عابد شاہین، عاطف کاظمی، اعجاز پاشا، شعیب خالد، صدر انجمن تاجران باغ حافظ طارق، سابق ایڈمنسٹریٹر باغ سید عامرخورشید گردیزی، صحافی شوکت تیمور سمیت متعدد سیاسی و سماجی راہنماؤں اور تنظیمی ساتھیوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔ مرکزی چیف آرگنائزر سردار قدیر خان، زونل چیف آرگنائزر سردار امان، زونل نائب صدر سردار خورشید خان، ضلعی صدر لبریشن فرنٹ کوٹلی ایاز کریم اور جنرل سیکریٹری لبریشن فرنٹ کوٹلی زبیر قریشی بھی زونل صدر کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر توقیر گیلانی نے باغ میں تنظیمی ساتھیوں کے ہمراہ لبریشن فرنٹ کے زونل سیکریٹری جنرل جہانگیر مرزا کے والد محترم اور لبریشن فرنٹ کے سینئر راہنما ارشد زرگر کے والد محترم کی نمازِ جنازہ میں بھی شرکت کی اور دونوں احباب و مرحومین کے اہل خانہ سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔
دریں اثنا لبریشن فرنٹ کے زونل صدر نے عوامی ایکشن کمیٹی کے سرکردہ راہنما سردار عمر نذیر سے بھی 11مئی لانگ مارچ کی رابطہ عوام مہم کے حوالے سے ٹیلی فون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کو دہرایا کے ریاست بھر کے عوام اور سیاسی و سماجی تنظیمات جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی پشت پر موجود ہیں اور 11مئ