پی ٹی آئی نے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کو حتمی شکل دے دی

104

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آئندہ سینیٹ انتخابات کے لیے خیبرپختونخوا (کے پی) اور پنجاب سے اپنے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے ہفتے کے روز سینیٹ ٹکٹوں کے لیے اپنی پارٹی کے امیدواروں کے ناموں کی منظوری دے دی جس کے بعد پارٹی نے ایوان بالا کے انتخابات کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی۔

کے پی سے جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید خان، مرزا آفریدی، عرفان سلیم اور خرم ذیشان پارٹی کے امیدوار ہوں گے، جبکہ اظہر مشوانی مراد سعید کے کورنگ امیدوار ہوں گے۔ ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر اعظم سواتی اور ارشاد حسین جبکہ خواتین کی نشست پر عائشہ بانو اور روبینہ ناز کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

اسی طرح پنجاب میں حامد خان اور زلفی بخاری جنرل نشستوں پر پارٹی کے امیدوار ہیں اور عمر سرفراز چیمہ اور کرنل اعجاز منہاس کورنگ امیدوار ہوں گے۔ علاوہ ازیں صنم جاوید خواتین کی نشست پر پارٹی کی امیدوار کے طور پر سینیٹ الیکشن لڑیں گی جب کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پنجاب سے سینیٹ انتخابات میں ٹیکنوکریٹ کی نشست پر امیدوار ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں