مظفرآباد(سٹیٹ ویوز)عمران خان رہائی کمیٹی آزادکشمیر کے چیئرمین خواجہ عاطف بشیر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام 6اپریل کو پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں منعقد ہونے والا جلسہ نئی سیاسی تاریخ رقم کرے گا، قائد پاکستان عمران خان کی رہائی کیلئے یہ جلسہ اہمیت کا حامل ہو گااور عوامی مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے خلاف ریفرنڈم ہو گا، آزادکشمیر سے عوام الناس کی بڑی تعداد اس جلسہ میں شرکت کرے گی، عمران خان رہائی کمیٹی آزادکشمیر کے زیر اہتمام 6اپریل کے پریڈ گراؤنڈ جلسہ کیلئے استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان رہائی کمیٹی آزادکشمیر کے چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف کی ہائی کمان نے 6 اپریل کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ منعقد کرنے کا درست اور بروقت فیصلہ کیا ہے.
یہ جلسہ تحریک انصاف کی طرف سے عوامی طاقت کا اظہار ہو گا، 6 اپریل کا جلسہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو نشان عبرت بنانے کیلئے خشت اول ہو گا، تحریک انصاف عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور عوامی طاقت کے ذریعے ہی اپنی اصولی بات منوائے گی، عمران خان کی قیادت میں قوم کی حقیقی آزادی کی جنگ جاری رہے گی اور پاکستان کے عوام اس جنگ میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گے،جیلیں، مقدمات، گرفتاریاں اور سزائیں عوام کے عزم و حوصلے کو متزلزل نہیں کر سکتے جب عوام بیدار ہو جاتے ہیں توپھر مصنوعی طاقتیں ریت کی دیوار ثابت ہوتی ہیں.
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بے گناہ گرفتار رکھا گیا ہے، ان پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں تاکہ ان کے عزم اور حوصلے کو پست کیا جا سکے لیکن عمران خان جرات مند لیڈر ہیں جنہوں نے جبر و طاقت کو اپنے عزم و حوصلے سے شکست سے دوچار کیا ہے، قوم عمران خان کے ساتھ ہے، ان شاء اللہ 6اپریل کو پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والا جلسہ ثابت کرے گا کہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانندکھڑی ہے، پریڈ گراؤنڈ جلسہ ملک کے اندر سیاست کا نیا رخ متعین کرے گا، 6 اپریل سے اس عوامی تحریک کا آغاز ہو گا جس کا اختتام عظیم پاکستان، حقیقی جمہوری پاکستان پر منتج ہو گا۔