کوٹلی( سٹیٹ ویوز)جے کے ایل ایف کوٹلی سٹی کے زیر اہتمام شہید اشفاق مجید وانی اور شہدائے حضرت بل کے یومِ شہادت پر تقریب کا انعقاد۔کوٹلی سٹی سے تعلق رکھنے والے تنظیمی مرحومین کو بھی خراجِ عقیدت۔شہدائے وطن کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرینگے۔بھارتی ظلم و بربریت کے سامنے یٰسین ملک جیسے قائدین ڈٹ کر کھڑے ہیں۔آر پار ریاست کو متحد اور آزاد کروا کر دم لینگے۔عوام گیارہ مئی کو جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے لانگ مارچ کی تیاری شروع کریں۔ آزاد کشمیر اسمبلی میں بیٹھے چور آزادی اور حقوق کے راستے میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف بلاوجہ بھونکنے والوں کا منہ بند کرنا جانتے ہیں۔
ڈاکٹر توقیر گیلانی، سردار امان، ایاز کریم، طاہرہ توقیر، فہد جمیل و دیگر کا خطاب۔تفصیلات کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ و سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ سٹی کوٹلی کے زیرِ اہتمام تنظیم کے اولین کمانڈر انچیف اشفاق مجید وانی شہید، شبیر صدیقی شہید، شہدائے حضرت بل اور لبریشن فرنٹ سٹی کوٹلی کے مرحومین کی یاد میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام مقامی ہوٹل میں کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لبریشن فرنٹ آزاد کشمیر گلگت بلتستان زون کے صدر ڈاکٹر توقیر گیلانی، زونل آرگنائزر سردار امان، ضلعی صدر ایاز کریم، سینئر وائس چیرمین ایس ایل ایف فہد جمیل و دیگر نے کہا کہ قوم شہدائے وطن کی قربانیاں کسی صورت فراموش نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ لبریشن فرنٹ کے قائدین نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے وطن کی آزادی کی جدوجہد کو آگے بڑھایا اور شہداء کے مقدس لہو کے طفیل ریاست جموں کشمیر بہت جلد آزاد و خود مختار مملکت بنے گی۔ مقررین نے کہا کہ شہید اشفاق مجید وانی، شہید شبیر صدیقی، شہید بشارت رضا، شہید ڈاکٹر عبد الاحد گورو اور ہزاروں دیگر شہداء کے خون سے نمو پانے والی تحریک کو ختم کرنے کے خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کی تہاڑ جیل میں بند قومی راہنما محمد یٰسین ملک بھارتی ظلم و بربریت کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم یٰسین ملک کے ساتھ کھڑی ہے اور ایسے وقت میں جب بھارتی بربریت اور فاشزم اپنے پورے جبر اور وحشت سے ریاست کی آزادی کی تحریک کو کچلنے میں مصروف ہے.
آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بیرون ریاست مقیم باشندگانِ ریاست اپنی قومی آزادی کی تحریک کی حفاظت کرتے ہوئے اُسے آگے بڑھاتے رہیں گے۔مقررین نے لبریشن فرنٹ سٹی کوٹلی کے مرحوم راہنماؤں کو بھی زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ لبریشن فرنٹ اکابرین کی قربانیوں بھری روایات کا امین ہے اور آزادی کی جدوجہد کو اپنے عوام کی حمایت سے کامیابی کی منزل کی جانب لے کر جائیگا۔ مقررین نے آزادی کشمیر میں جاری عوامی حقوق تحریک کے اعلان کردہ لانگ مارچ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی میں بیٹھے ہوئے نمائندے چور اور عوام دشمن ہیں۔ یہ لوگ عوام کے حقوق پر ڈاکہ دالنے اور آزادی کی تحریک کے خلاف سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں اور ہمیشہ قابض قوتوں کی آلہ کاری کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدیانت اور کرپٹ سیاستدان عوام دشمنی کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے اور عوامی تحریکوں اور انکے راہنماؤں کے خلاف بلاوجہ بھونکتے ہیں لیکن ہم ایسے نوسربازوں کا منہ بند کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 11مئی کو آزاد کشمیر بھر سے عوام اپنے بنیادی حقوق کے حصول کیلئے مظفرآباد کی جانب تاریخی پرامن لانگ مارچ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی چوری کر کے لیجانے والے کہتے ہیں کہ آپ کو مفت بجلی کیوں دیں۔ یہ حرام خوری کی تاریخ کا سب سے بڑا واقع ہے کہ ہماری بجلی ہمیں ہی استعمال کیلئے انتہائی مہنگے داموں بیچی جائے۔انہوں نے کہا کہ منشیات فروش، مجرم اور زکوٰت خور اسمبلی میں بیٹھے ہیں اور عوامی ٹیکسوں سے لوٹ مار کر کے عیاشیاں کر رہے ہیں اور عوامی حقو ق کی بات کرنے والوں کو بیرونی ایجنٹ کہہ کر گالیاں بکتے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ آزادی کی تحریک کی کامیابی کا راستہ عوام کے بنیادی حقوق کے حصول کی صورت میں ہی ممکن ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ 11مئی کے لانگ مارچ کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دیں اور تاریخی لانگ مارچ کا حصہ بن کر حقِ ملکیت اور حقِ حاکمیت کے حصول کیلئے دوٹوک آواز بلند کریں۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے وطن کیلئے دعا کی گئی اور شرکائے تقریب کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب سے تحصیل صدر سردار مشتاق، زونل وومن سیکریٹری طاہرہ توقیر، زبیر قریشی،محسن جہانگیر، فائز دلشاد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔