محکمہ سیاحت کے اثاثہ جات کو خلاف قوائد مشکوک کمپنی کو الاٹ کرانے میں معاونت فراہم نہ کرنے پر سیکرٹری سیاحت رفاقت مغل وزیراعظم کے نشانے پر آگئے

66

اسلام آباد(کاشف میر، سٹیٹ ویوز)آزادکشمیر کے درجنوں سیاحتی مقامات اور محکمہ سیاحت کے اثاثہ جات کو خلاف قوائد مشکوک کمپنی کو الاٹ کرانے میں معاونت فراہم نہ کرنے اور غیر قانونی احکامات نہ ماننے پر چوہدری انوار الحق نے سیکرٹری سیاحت رفاقت مغل کو تبدیل یا او ایس ڈی کرنے کا فیصلہ کر لیا، چوہدری انوار الحق محکمہ سیاحت کا اضافی چارج ایک خاتون سیکرٹری کو سونپ کر من پسند کام منطقی انجام تک پہنچانے کا ٹاسک دیں گے۔تفصیلات کے مطابق ذمہ دار ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آزادجموں کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے رفاقت مغل کو او ایس یا تبدیل جرنے کا فیصلہ کر دیا ہے.

اس حوالے سے فائل مظفرآباد سے کشمیر ہاوس روانہ کر دی گئی ہے، رفاقت مغل کورواں سال 15 جنوری کو سیکرٹری سیاحت بنایا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق آزادکشمیر کے اہم ترین سیاحتی مقامات کو لیز پر طاقتور اداروں کے بعض ریٹائرڈ افسران کی نومولود کمپنی ”گرین ٹورازم ”کو دینے کیلئے سیکرٹری سیاحت پر دباو ڈالتے رہے ہیں، وزیر اعظم نے سیکرٹری سیاحت کو سمری تیار کرتے ہوئے وزیر اعظم سے منظوری کیلئے بھیجنے کی ہدایت کی جبکہ سیکرٹری سیاحت بضد رہے کہ سیاحتی مقامات کو کسی ایک کمپنی کو سامنے رکھ کر لیز پر دینا غیر قانونی ہو گا اور اگر حکومت ایسا کرنا بھی چاہتی ہے تو اس کیلئے اس لیزا کا یجنڈہ بنا کر کابینہ سے منظوری لینا پڑے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم سمجھتے ہیں کہ کابینہ میں وزرا اسکی مخالفت کریں گے اور اس نجی کمپنی کو سیاحتی مقامت کی لیزیں دینا مشکل ہو جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں موجود خوبصورت ترین سیاحتی مقامات جن میں بنجوسہ جھیل راولاکوٹ کی سیکڑوں کنال اراضی، تولی پیر کی سیکڑوں کنال اراضی کے علاوہ سراں مظفرآباد ریزارٹ سمیت 19 کنال 10 مرلے، سدھن گلی باغ میں 8 کنال 18 مرلے، کیل وادی نیلم میں 4 کنال 17 مرلے، اپر نیلم میں 37 کنال 11 مرلے،کیل سیری بیلہ میں 88 کنال 7 مرلے،کیرن بیلہ 22 کنال 12 مرلے زمین کے حصول کیلئے گرین ٹورازم کمپنی نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو درخواست دے رکھی ہے .

جس پر کیے جانے والے اقدامات کو وزیر اعظم نے انتہائی خفیہ رکھ کرمکمل کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ گرین ٹورازم پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی اپنے آفر لیٹر میں یہ ظاہر کر رہی ہے کہ یہ اقدامات حکومت پاکستان کی طرف سے ہیں جن کامقصد پورے پاکستان میں سیاحتی مقامات کو جدید بنانا اور مقامی اور عالمی سطح کی سرمایہ کاری حاصل کی جائے گی ، اس نجی کمپنی کے مطابق حکومت پاکستان، چاروں صوبوں اور انکے یعنی کمپنی کے مابین ایک معاہدہ ہوا ہے جس کے تحت تمام سیاحتی مقامات کو گرین ٹورازم کے ذریعے آئندہ ترقی دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں