اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نےکہا ہے کہ کشمیری عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور آزاد خطہ کی تعمیر ترقی کیلئے کوئی وقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا،آزادکشمیر و گلگت بلتستان کو تعمیر و ترقی کاگہوارہ بنا کر ایسا مثالی خطہ بنائیں گے کہ کسی کو اس خطے کا مقبوضہ کشمیر سے موازنہ کرنے کا موقع نہیں ملے گا، مشکل صورتحال کے باوجود حکومت معیشت کو مستحکم بنانے اور ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے پر عزم ہے ،کشمیریوں کا عزم اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کشمیر کی تحریک آزادی کو برقرار رکھے گی،آزادکشمیر حکومت کی طرف سے صحافیوں کے خلاف مقدمات کے اندراج بارے اطلاعات پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سے بات کروں گا۔

آزادکشمیر سے شایع ہونے والے اخبارات تحریک آزادی کشمیر کے حقیقی ترجمانی کر رہے ہیں، حکومت پاکستان ریاستی میڈیا کو مستحکم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وزارت امور کشمیر وگلگت بلتستان میں کشمیر جرنلسٹس فورم راولپنڈی اسلام آباد کے صدر خاور نواز راجہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر عدیل بشیر، نعیم الاسد، لطیف ڈار، اعجاز خان ،نثار کیانی ،خواجہ کاشف میر ،عرفان سدوزئی بھی موجود تھے. خاور نواز راجہ نے آزادکشمیر حکومت کی طرف سے ریاست کے اہم صحافیوں کے خلاف سنگین نوعیت کے مقدمات کے اندراج بارے تفصیلات بتائیں، خواجہ کاشف میر نے وزیر امور کشمیر کو بتایا کہ آزادکشمیر کے وزیر اعظم و وزیر داخلہ صحافیوں کی طرف سے کی جانے والی جائز تنقید کے جواب میں مقدمات درج کرا رہے ہیں، اخبارات پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، حکومت صحافیوں اور عام شہریوں سے اظہار آزادی چھیننے کی کوششیں کر رہی ہے۔

وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان نے فورم وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان ایشوز پر چیف سیکرٹری اور آئی جی سے رپورٹ لیں گے اور کسی بھی صحافی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ انجنئیر امیر مقام نے کہا کہ انہوں نے وزارت کا چارج لیتے ہی گلگت بلتستان میں آٹے کی سبسڈی کیلئے رقم جاری کرا دی تھی، آزادکشمیر میں بھی جموں کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی تفصیلات کے رہا ہوں، عوامی مطالبات کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجنئیر امیر مقام نے کہا کہ مسئلہ کشمیر مسلم لیگ نواز کی ترجیح اول رہی ہے، آزادکشمیر و گلگت بلتستان کے انتظامی ڈھانچے کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے.

گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری پاکستان کے بلا تنخواہ سپاہی کا کردار ادا کر رہے ہیں، کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ آزادکشمیر حکومت کی طرف سے صحافیوں کے خلاف مقدمات کے اندراج بارے اطلاعات پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس سے بات کروں گا ۔ مسلم لیگ ن میڈیا کی آزادی اور آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتی ہے، میڈیا سے منسلک لوگ زمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی آواز بنیں۔وزیر امور کشمیر نے کہا کہ کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کا حق خودارادیت اقوام متحدہ کی تسلیم کردہ ناقابل تنسیخ حق ہےاور پاکستان اور اس کے عوام کشمیریوں کی تحریک آزادی کی ثابت قدم حمایت جاری رکھیں گے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ کشمیریوں کا عزم اور پاکستانی عوام کی ثابت قدم حمایت کشمیر کی تحریک آزادی کو برقرار رکھے گی۔وزیر امور کشمیر نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی مسلسل خاموشی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دہائیوں پرانا تنازع کشمیر خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک مستقل خطرہ ہے۔انہوں نے کشمیر یوں پر ر زور دیا کہ وہ ہمت نہ ہاریں اور آپ کے دل میں آزادی کی شمع جلتی رہے اور یہ جذبہ زندہ اور مضبوط رہنا چاہیے۔