مظفرآباد(سٹیٹویوز)آزادکشمیر اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تحریک انصاف کے مرکزی راہنما خواجہ فاروق احمد نے محتسب سیکرٹریٹ کو ختم کرنے اور 100 کے قریب ملازمین کے مستقبل کو تباہ کرنے کے حکومتی اقدام کی تیاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسمبلی اراکین سے اسمبلی کے جاریہ اجلاس میں حکومت کو اس عوام دشمن اقدام سے باز رکھنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بالخصوص حکومت کی اتحادی دونوں جماعتوں کو اس اہم معاملہ پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ اگر حکومت اخراجات کم کرنے کے لیے محتسب سیکرٹریٹ کو ختم کرنا چاہتی ہے تو پھر حکومت کوآزادکشمیر کی تاریخ کی سب سے بڑی کابینہ کی تعداد کو ختم کرنا چاہیے،10/12 وزراء سے حکومت کا کام چلایا جاسکتا ہے۔اس وقت وزراء،مشیران سمیت 45 کے قریب اراکین اسمبلی وغیر منتخب سیاسی اسامیوں پر براجمان ہیں۔
چھوٹے ملازمین کو فارغ کرنے کے بجائے اپنے وزراء کی تعداد کم کریں،محکمے کم وزیر زیادہ ہیں۔خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو عدالتوں کے مہنگے اور طویل پراسس میں ڈالنے کے بجائے محتسب سیکرٹریٹ کو فعال کیا جائے،اس کے سلب شدہ اختیارات بحال کیے جائیں تاکہ عام آدمی عدالت میں جانے،وکیل کے اخراجات کرنے کے بجائے اس ادارہ سے داد رسی حاصل کرسکے۔
یکن انوار حکومت جس نے پہلے ہی ملازمین کی تنخواہیں بند کررکھی ہیں،اس شدید مہنگائی کے دور میں مزید ملازمین کو بے روزگار کررہی ہے۔محتسب سیکرٹریٹ کو ختم کرنے کا معاملہ کابینہ میں پیش ہوگا تو وزراء کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس تجویز کی منظوری نہ دیں۔تحریک انصاف اسمبلی میں پوری قوت کے ساتھ ایسے کسی بھی اقدام کی مخالفت کرے گی،حکومتیں روزگار دیا کرتی ہیں لیکن یہ عجب حکومت ہے کہ لوگوں سے روٹی روزی کا نوالہ بھی چھین رہی ہے۔