متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین احمد ایرانی صدر اور وزیر خارجہ امیر حسین عبداللہیان کی پر اسرار موت پر افسردہ

87

مظفر آباد(سٹیٹ ویوز)ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیر حسین عبداللہیان کی پر اسرار ہوائی حادثے کے نتیجے میں شہادت انتہائی تکلیف دہ ہے۔ایران ہمیشہ سے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے ایک خصوصی اجلاس میں کیا گیا جو حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین سید صلاح الدین احمد کی صدارت میں منعقد ہوا۔

ا جلا س میں کہا گیا کہ ایرانی صدر ڈاکٹر سید محمد ابراہیم رئیسی ایک عالمی رہنما کے طور پر اس وقت اپنا کردار ادا کررہے تھے بالخصوص مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ان کا جراتمندانہ کردار تاریخ میں سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہے۔وہ عالم اسلام کو متحد اور مستحکم دیکھنا چاہتے تھے اور اس سلسلے میں اپنی کوششیں زندگی کے آخری لمحات تک جاری رکھے ہوئے تھے۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ ایران ہمیشہ کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی حمایت کرتا رہا اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدر آمد کیلئے زور بھی دیتا رہا۔اجلاس میں کشمیری عوام اور تحریکی قیادت کی طرف سے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیرعبداللہیان کی جدائی پر گہرے دکھ اور ایرانی قوم اور حکومت ایران سے تعذیت و یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس میں شہداء کی بلندی درجات کی دعا بھی کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں