مظفرآباد (سٹیٹ ویوز ) نو منتخب وزیر صحت آزاد جموں و کشمیر سید بازل نقوی نے اپنے منصب کا چارج سنبھالتے ہی عملی اقدامات کی شروعات سی ایم ایچ مظفرآباد کے تفصیلی دورے سے کی۔ وزیر صحت کی آمد پر اسپتال انتظامیہ اور میڈیکل افسران نے ان کا استقبال کیا اور انہیں اسپتال کی موجودہ صورتحال، ضروریات اور جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔
سید بازل نقوی نے ایمرجنسی، او پی ڈی، آپریشن تھیٹر، ڈائیگناسٹک لیب، فارمیسی اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہِ راست بات چیت کی، علاج معالجے کے معیار، ادویات کی دستیابی اور دیگر خدمات سے متعلق رائے لی۔
مریضوں نے وزیر صحت کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جن پر انہوں نے فوری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔وزیر صحت عامہ سید بازل نقوی نے اسپتال کے ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور پیرا میڈیکل ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو معیاری اور بروقت علاج کی فراہمی حکومتِ آزاد کشمیر کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے ہدایت جاری کی کہ مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی، توجہ اور ذمہ دارانہ رویہ اپنایا جائے، جبکہ اسپتال میں صفائی ستھرائی، مشینری کی فعالیت اور ادویات کی دستیابی کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔وزیر صحت سید بازل نقوی نے کہا کہ محکمہ صحت میں بہتری کے لیے اصلاحات کا سلسلہ فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے، اور اس ضمن میں اسپتالوں کے دورے باقاعدگی سے جاری رہیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔عوام نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سی ایم ایچ ہسپتال مظفرآباد میں فیسلیٹیشن ڈیسک بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں.