وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و افرادی قوت کی شارجہ میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے اراکین کی طرف سے منعقد تقریب میں شرکت

96

شارجہ(سٹیٹ ویوز)وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و افرادی قوت ، چوہدری سالک حسین نے شارجہ میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے اراکین کی طرف سے منعقد تقریب میں شرکت کی۔ اس تقریب کا اہتمام پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) شارجہ نے کیا، جس کا مقصد حکومتِ پاکستان اور سمندر پار پاکستانی کاروباری حضرات کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔

اس موقع پر دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد، پاکستان قونصلیٹ کے سینئر افسران کے ہمراہ شریک ہوئے۔ بزنس کمیونٹی کی نمائندگی پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے صدر، سینئر نائب صدر، اور شارجہ میں مقیم ممتاز پاکستانی تاجروں، سرمایہ کاروں اور پیشہ ور افراد نے کی۔شرکاء نے سمندر پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، تارکینِ وطن کو سہولیات کی فراہمی، اسکلز ڈیولپمنٹ اور روزگار کے مواقع سے متعلق امور پر اپنی آراء اور سوالات پیش کیے۔

وفاقی وزیر نے سوالات کے جواب میں وزارت کی جانب سے جاری اور مجوزہ اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی، جن کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کے لیے فلاحی خدمات کو بہتر بنانا، ادارہ جاتی ہم آہنگی کو مضبوط کرنا، اور بیرونِ ملک پاکستانی محنت کشوں کے تحفظ اور سہولت کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کی قومی معیشت میں اہم شراکت کو سراہتے ہوئے ان کے ساتھ مسلسل رابطے اور تعاون کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

قونصل جنرل نے پاکستان بزنس کونسل شارجہ کے کردار کو سراہا جو اقتصادی روابط کے فروغ میں سرگرم عمل ہے، اور متحدہ عرب امارات میں سمندر پار پاکستانیوں اور بزنس کمیونٹی کی مکمل معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر حکومتِ پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے، اور پاکستان کی اجتماعی فلاح و خوشحالی کے لیے مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں