مظفرآباد: تحریک جوانان پاکستان جموں و کشمیر کا تاریخی شمولیتی و استقبالیہ پروگرام، عبداللہ حمید گل اور سردار مقصود خان کا ولولہ انگیز خطاب

45

مظفرآباد: تحریک جوانان پاکستان جموں و کشمیر کا تاریخی شمولیتی و استقبالیہ پروگرام، عبداللہ حمید گل اور سردار مقصود خان کا ولولہ انگیز خطاب.تفضیلات کے مطابق مظفرآباد میں تحریک جوانان پاکستان جموں و کشمیر کے چیئرمین عبداللہ حمید گل کے اعزاز میں ایک عظیم الشان استقبالیہ و شمولیتی تقریب منعقد ہوئی، جہاں کوہالہ سے مظفرآباد تک کارکنان، نوجوانوں، خواتین اور عوام کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر چیف آرگنائزر سردار مقصود خان، صدر اجمل مغل، صدر ویمن ونگ ڈاکٹر تہنیت اقبال سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین عبداللہ حمید گل نے کہا کہ مظفرآباد کے عوام نے جس محبت، جذبے اور والہانہ انداز میں استقبال کیا وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے آزاد کشمیر پولیس اور دیگر اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی محبت ہی تحریک جوانان کی اصل طاقت ہے۔عبداللہ حمید گل نے اپنے خطاب میں پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا، یہ رشتہ لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر خطے سے تعلق رکھنے والے جوانوں نے کشمیر کے لیے قربانیاں دیں جبکہ کشمیری نوجوان بھی پاکستان کے دفاع کے لیے ہمیشہ صف اول میں کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک جوانان ایک نئے نظام کی جدوجہد کر رہی ہے، ایسا نظام جو قرآن و سنت کے اصولوں، انصاف، میرٹ اور عوامی فلاح پر مبنی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے استحصال، کرپشن، بے روزگاری اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نوجوانوں کو روزگار، کاروبار، تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنا تحریک جوانان کی اولین ترجیح ہے۔چیئرمین تحریک جوانان نے کہا کہ وہ اپنی ذات اور اپنے خاندان کو سب سے پہلے احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں اور چیلنج کرتے ہیں کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین بھی اسی طرح خود کو عوام کے سامنے جوابدہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پرانا سیاسی نظام اب اپنی ساکھ کھو چکا ہے اور عوام ایک مثبت، دیانتدار اور انقلابی قیادت کی منتظر ہے۔

اس موقع پر چیف آرگنائزر سردار مقصود خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ مظفرآباد کے عوام کی محبتوں کے ہمیشہ مقروض رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس تاریخی انداز میں تحریک جوانان کا استقبال کیا گیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام نے پورے آزاد کشمیر کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ تحریک جوانان ایک عوامی قوت بن چکی ہے۔سردار مقصود خان نے کہا کہ تحریک جوانان آزاد کشمیر میں فرسودہ اور مفاداتی سیاست کا خاتمہ کر کے انصاف اور عوامی خدمت پر مبنی نظام متعارف کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مردِ مجاہد جنرل حمید گل شہید کے نظریے کی وارث جماعت آج نوجوانوں کی امید بن چکی ہے اور آزاد کشمیر بھر میں اپنے نمائندے میدان میں اتار رہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک نوجوانان کشمیر نے کہا کہ نوجوان اب تبدیلی کے لیے تحریک جوانان کا ساتھ دے رہے ہیں اور یہ جماعت آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو قیادت کے مواقع فراہم کرے گی۔صدر ویمن ونگ ڈاکٹر تہنیت اقبال نے کہا کہ خواتین معاشرے کا بنیادی ستون ہیں، اگر موقع ملا تو تعلیم اور صحت کی سہولیات خواتین کی دہلیز تک پہنچائی جائیں گی۔تقریب کے اختتام پر مہاجرین، صحافیوں اور کارکنان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ عوام نے تحریک جوانان پاکستان جموں و کشمیر کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں