اسلام آباد(سٹیٹ ویوز)آزادجموں کشمیر کونسل سیکرٹریٹ میں مشیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کی صدارت میں ہونے والی تقریب میں سینئر رہنماء پاکستان پیپلز پارٹی و ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید نے کونسل ذمہ داران کوکروڑوں روپے کے غیر ضروری اخراجات اور خلاف قوائد بھرتیوں اور تعانیاتیوں پر کھری کھری باتیں سنا دیں،قمر زمان کائرہ کیلئے وہ لمحات گزارنا مشکل ہو گئے۔
نو منتخب ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان خالد کی تقریب حلف برداری کے دوران حویلی کہوٹہ سے تعلق رکھنے والے ممبرکشمیر کونسل خواجہ طارق سعید نے ممبران کونسل کی طرف سے احتجاج نوٹ کراتے ہوئے قمر زمان کائرہ سے سخت جملوں کا تبادلہ کیا۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق خواجہ طارق سعید نے کہا کہ کشمیر کونسل میں 60 کروڑ روپے سال کا بجٹ کس پر اور کیوں خرچ کیا جارہا ہے؟ سینکڑوں ملازمین کیسے بھرتی ہوئے؟ جو ملازمین تنخواہیں اور مراعات لے رہے وہ کس کوجوابدہ ہیں؟ کشمیر کونسل کے سینکڑوں ملازمین کس کے گھروں میں کام کر رہے اور ان کا ریاست کو کیا فائدہ ہے؟ کشمیر کونسل میں نئی بھرتیوں اور تعیناتیاں کیوں کی جارہی اور کون کر رہاہے؟ سینکڑوں ملازمین ریاست کیلئے کیا کام کر رہے ہیں کہ انہیں اس قدر بھاری مراعات دی جارہی ہیں؟
خواجہ طارق سعید نے قمر زمان کائرہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو آئینی ترمیم ابھی آزادکشمیر میں آپ نے کرائی ہے اس میں ہمیں یا ریاست کو کیا فائدہ حاصل ہوا ہے؟ ہم درجنوں منتخب ممبران اسمبلی سے ووٹ لیکرکشمیرکونسل آتے ہیں، ہمارے حلقے کے ووٹر اور سپورٹرہیں، لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ یہ کشمیر کونسل جو کروڑوں روپے خرچ کرتی ہے کس پر اور کیوں خرچ ہو رہا؟ ہم سے عوام اور ووٹرز سوال کرتے ہیں کہ ہم بطور ممبر کشمیر کونسل کیا کام کرتے ہیں، ہمارے اختیارات کیا ہیں؟ہم لوگوں کیلئے کام کیوں نہیں کرتے، جب اس ادارے کا نہ آئینی کام ہے نہ مالی اور نہ انتظامی، تو پھر یہ ادارہ قائم کیوں ہے؟
مشیر امور کشمیر قمر زمان کائرہ ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید کو تسلی دینے کی کوششیں کرتے رہے لیکن طارق سعید انتہائی جذباتی انداز میں اپنے ادارے اور دیگر ممبران کے حقوق پر سوالات اٹھاتے رہے؟ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آپ ممبران قرارداد لائیں، میں آپ کی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات کراوں گا۔ خواجہ طارق سعید نے اس آفر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تسلیاں اب نہ دیں، اگر آپ لوگ سنجیدہ ہوتے تو پندرویں ترمیم میں کشمیر کونسل کے ممبران کو اختیارات دیتے۔
ذرائع کے مطابق قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آپ ہماری جماعت کے ہیں ایسی تلخ باتوں کی آپ سے توقع نہیں تھی، میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ساتھی ہوں۔ اس پر خواجہ طارق سعید نے کہا کہ چیئرمین بلاول صاحب ہمارے بھی لیڈر ہیں، ہمارا شکوہ ان سے نہیں آپ سے ہے۔ اپنے اپنے فائدے کیلئے تمام لوگ کشمیر کونسل کو استعمال کرتے ہیں لیکن ریاست کے لوگوں کیلئے ممبران کو بااختیار نہیں کیا جارہا، یہ 60 کروڑ روپے جو خواہ مخوا ہ خرچ کیا جارہا، یہ ریاست کے سینکڑوں کھنڈر سکولوں کی تعمیر میں کیوں نہیں لایا جا سکتا۔ خواجہ طارق سعید کی ان باتوں کا مشیر امور کشمیر نے انتہائی برا منایا تاہم ممبران کشمیر کونسل اپنی بھرپور نماندگی پر طارق سعید کو سراہتے رہے۔ تقریب کے آخر میں ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید بغیر ریفریشمنٹ کیے کونسل سیکرٹریٹ سے نکل گئے۔